فیصل آباد: 12اکتوبر 2023
قائد پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے موقع پر شاندار استقبال کی تیاریوں کے حوالہ سے سمندری میں چوہدری شہباز بابر ایم این اے کی میزبانی میں پاکستان مسلم لیگ ن فیصل آباد کا ڈویژنل کنونشن منعقد کیا گیا جس میں مسلم لیگ ن کے ضلعی کوآرڈینیٹر برائے فیصل آباد سردار گوجر قوم سنیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال سنیئر مرکزی راہنما پاکستان مسلم لیگ ن و سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، خرم دستگیر سابق وفاقی وزیر و ڈویژنل کوآرڈینیٹر، طلال چوہدری سابق ایم این اے و وزیر مملکت، میاں قاسم فاروق ضلعی صدر، نذیر باجوہ تحصیل صدر، چوہدری اشرف گوجر،میجر اکرم چوہدری، وہدری اسلم گوجر ، چوہدری علی اکبرمقامی مسلم لیگی عہدیداران اور ورکرز سمیت عوام کے جم غفیر نے شرکت کی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سنیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ انشا اللہ میاں محمد نواز شریف آ کر ایک بار پھر پہلے کی طرح ملک سے دہشت گردی ، بے روزگاری، مہنگائی اور پسماندگی کا خاتمہ کر دیں گے ۔ مشرف نے نوازشریف کا تختہ الٹ کر یہ سمجھا تھا کہ شاید اس نے ہمیشہ کے لیے نواز شریف کو پاکستان کی عوام سے دور کر دیا ہے مگر اللہ کی شان دیکھیں کہ نواز شریف دوبارہ 2013 میں اقتدار میں آئے اور آتے ہی سب سے پہلے بجلی بحران پر قابو پایا، انرجی کرائسس کا خاتمہ کیا اور پاک فوج کے ساتھ مل کر ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔ اقتصادی طور پر پاکستان کو اس قدر مضبوط اور مستحکم کر دیا کہ پاکستان کو کسی آئی ایم ایف کی ضرورت نہ رہی۔ پھر کیا ہوا بیرونی طاغوتی طاقتیں پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتی تھیں۔ اندرونی اور بیرونی سازشوں کے نتیجے میں ایک بار پھر میاں محمد نواز شریف کو اقتدار اور پاکستان کی عوام سے دور کرنے کی کوشش کی گئی، اصل مقصد پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا تھا۔ ان کی طاغوتی قوتوں کا مہرہ بن کر عمران خان آیا اور اس نے ملک کا ستیاناس کر دیا۔ عوام کو بےوقوف بنانے کے لیے ریاست مدینہ کا چورن بیچتا رہا مگر اب عوام سمجھ چکے ہیں کہ جس نے تحفے میں ملنے والی گھڑی جس پر خانہ کعبہ کی تصویر تھی کو بیچ کر اپنی تجوری بھرنے کی کوشش کی ایسا انسان ریاست مدینہ کی بات صرف دھوکے اور فراڈ کے طور پر کرتا تھا۔میاں محمد نوازشریف ایک بار پھر پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے آ رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے ماتھے میں ایسا ستارہ رکھا ہے کہ وہ جب بھی اقتدار میں آئے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا۔ لہذا 21 اکتوبر کو اپنے محبوب قائد کا بھرپور اور تاریخی استقبال کر کے آپ نے یہ ثابت کرنا ہے کہ اگلا الیکشن مسلم لیگ ن اور میاں محمد نوازشریف کی تاریخی کامیابی کا الیکشن ہو گا انشا اللہ۔


